کاروار،3؍ مارچ (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں نیشنل ہائی وے توسیعی منصوبہ کا تعمیراتی کام 7 سال گزرنے کے بعد بھی پورا نہیں ہو پایا ہے ۔ اب 8 واں سال شروع ہوا ہے اور کام کی حالت ایسی ہے کہ آئندہ مزید دو سال تک کام پورا ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ اس دوران ضلع کے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے ٹھیکیدار کمپنی کو دھمکی دی ہے کہ اگر مقررہ مدت میں کام کی تکمیل نہیں ہوئی تو پھر اس کے خلاف قانونی کارروائی جائے گی۔
19 دسمبر 2020 کو مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور نیشنل ہائی وے نے توسیع شدہ نیشنل ہائی وے کا افتتاح کیا تھا ۔ اور اس وقت ٹھیکیدار کمپنی اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی نے دسمبر 2021 کے آخر تک منصوبہ پوری طرح مکمل ہوجانے کی بات کہی تھی ۔ لیکن یہ وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ بار بار ٹھیکیداری کی میعاد بڑھائی جاتی رہی ۔ حالانکہ فور لین توسیع کا یہ کام معاہدہ کے مطابق تین سال کی مدت میں مکمل ہونا چاہیے تھا ۔ منصوبہ اور اس پر لگنے والا سرمایہ مرکزی سرکار کا ہونے کے باوجود اراکین پارلیمان اور سرکاری افسران اس پر کوئی سوال اٹھا نہیں رہے ہیں ۔ دوسری طرف عوام اور مسافروں کو بے انتہا مشکلات سے گزرنا پڑ رہا ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔
کاروار فلائی اوور نامکمل: کاروار شہر سے گزرنے والے فلائی اوور کا کام بھی برسوں سے ادھورا پڑا ہوا ہے ۔ گزشتہ سال جنوری میں فلائی اوور کے ایک جانب سے ٹریفک کے لئے راستہ کھولنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ پھر اسے مئی تک ٹالا گیا ۔ لیکن 2021 کا مئی کا مہینہ گزر کر 2022 کا مئی آ گیا ، مگر اب بھی یہ کام ادھورا پڑا ہوا ہے ۔ اس فلائی اوور کا ایک ایک کھمبا تعمیر کرنے کے لئے تین تین مہینے کا وقت لیا جا رہا ہے ۔ ٹھیکیدار کمپنی اور نیشنل ہائی وے ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کام کو ٹالنے میں ہی لگے ہوئے ہیں ۔
ڈی سی نے دیا انتباہ: ضلع شمالی کینرا کے کاروار، کمٹہ اور بھٹکل میں فورلین توسیع اور فلائی اوور کی تعمیر ابھی تک پوری نہ ہونے پر اپنی بے بیزاری ظاہر کیا ۔ اس ضمن میں منگلور میں موجود نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کرکے انہیں اپنی بے اطمینانی سے آگاہ کیا ۔ اور بتایا کہ نومبر 2021 تک کام پورا ہونے کی یقین دہانی کے باوجود آج تک وعدہ پوا نہیں ہوا ہے ۔ اگر کام اسی رفتار سے جاری رہا تو پھر اس میں بہتری آنا ممکن نہیں ہے ۔ اس کوتاہی کے سلسلے میں بہت زیادہ شکایات مل رہی ہیں ۔ انکولہ بالے گولی میں ٹول وصولی جاری رہنے کے بعد بھی توقع کے مطابق تعمیراتی کام نہیں ہو رہا ہے ۔ ڈی سی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مقررہ میعاد میں کام پورا نہیں ہوا تو پھر قانونی کارروائی کی جائے گی۔